شہزاد علی شیزی کی 6 وکٹوں اوربدیع الزماں کی 74رنز کی جارحانہ اننگزکی بدولت سجاس نے اسپورٹس جرنلسٹس فرینڈ شپ کرکٹ سیریز کے دوسرے میچ میں راولپنڈی اسلام آباد جرنلسٹس ایسوسی ایشن کو 55 رنز سے شکست دے دی۔ سجاس، رسجا اور کے پی کے اسپورٹس جرنلسٹس کے درمیان کھیلی جانے والی فرینڈ شپ کرکٹ سیریز کا دوسرا میچ سجاس اور رسجا کے درمیان اسلام آباد کے ڈائمنڈ کرکٹ گرائونڈ پرکھیلا گیا۔ رسجا کے کپتان شاکرعباسی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ سجاس نے بدیع الزاماں، سلیمان خان، انیس الدین، محسن رضا اور طارق حسین کی شاندار بلے بازی کی بدولت 4 وکٹوں پر 179 رنز بنائے۔ بدیع الزاماں نے سیریز میں مسلسل دوسری نصف سنچری کرتے ہوئے 46 گیندوں پر 74 رنز کی اننگز کھیلی۔ سلیمان خان نے 39 رنز بنائے۔ رسجا کے شاکر عباسی نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ہدف کے تعاقب میں رسجا کی پوری ٹیم 124 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ محسن علی 37 رنز اور شاکر عباسی 18 رنز کے علاوہ رسجا کا کوئی بیٹسمین سجاس کے بولرز کا سامنا نہ کرسکا۔ سجاس کی جانب سے شہزاد علی شیزی 22 رنز کے عوض 6 وکٹیں لیکر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ زاہد غفار، محسن رضا اور مقصود احمد ایک ایک شکار کرنے میں کامیاب رہے۔ میچ کے اختتام پر وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے پی سی بی گورننگ بورڈ کے سابق ممبر شکیل شیخ، پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل زاہد فاروق ملک اور رسجا کے چیئر مین ملک شکیل اعوان کے ہمراہ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے آل پاکستان اسپورٹس جرنلسٹس فرینڈ شپ کرکٹ سیریز کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ سجاس کا دیگر شہروں کی اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر ملک کے مختلف شہروں میں کرکٹ کھیلنا مثالی اقدام ہے۔ اس طرح ملک کے تمام شہروں سے تعلق رکھنے والے اسپورٹس جرنلسٹس کے درمیان نہ صرف ہم آہنگی پیدا ہوگی بلکہ انہیں ایک دوسرے کے قریب آنے کا بھی موقع ملے گا۔
سجاس اور سجال + ایمرا کے درمیان کھیلا گیا میچ دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد سجال+ ایمرا الیون نے ایک رن سے جیت لیا۔۔۔۔ میچ کے موقع پر سجال کے صدر و سیکریٹری اور ایمرا کے صدر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔۔ ایمرا اور سجال کے مشترکہ تعاون سے لاہور کے دورے پر آئی ہوئی اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن سندھ (سجاس) کے درمیان آل پاکستان اسپورٹس جرنلسٹس فرینڈ شپ کرکٹ سیریز کے پہلے میچ کا انعقاد کیا گیا۔ دوستانہ کرکٹ میچ الیکٹرانک میڈیا رپورٹرز ایسوسی الیون اور سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی سندھ الیون کے درمیان ٹاؤن شپ وائٹس کے گراؤنڈ پر کھیلا گیا جس میں ٹاس جیت کر مہمان ٹیم سجاس نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا, پہلے کھیلتے ہوئے سجال +ایمرا الیون نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے. ایمرا کی جانب سے ندیم بسرا نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 79 رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان عبدالقادر خواجہ نے 67 رنز بنائے۔ سجاس کی جانب سے شہزاد عمر نے 21 رنز دے کر2 وکٹیں، محسن اور طارق حسین نے 1, 1 کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ سجاس کی ٹیم صرف ایک رن کی کمی سے ہدف تک نہ پہنچ سکی اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد مییچ ہار گئی۔ سجاس کی جانب سے بدیع الزماں نے 60 ، سلیمان خان نے 34 طارق حسین نے 26 اور شاہد انصاری نے 24 رنز کی اننگز کھیلی۔ ایمرا کی جانب سے عمران سہیل نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے آخری اوور میں 12 رنز روک کر جیت میں اہم قرار ادا کیا جبکہ عبدالقادر خواجہ ، ندیم بسرا شاکر اعوان اور قاسم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ آل راؤنڈ کارکردگی پر مین آف دی میچ ایوارڈ ندیم بسرا کو دیا گیا جبکہ سجاس کی جانب سے شاندار آل راونڈ کھیل پر طارق حسین بہترین کھلاڑی قرار پائے۔