Home Cricket SJAS hammer RISJA in Friendship T20 series match

SJAS hammer RISJA in Friendship T20 series match

by Sjas Pakistan

 شہزاد علی شیزی کی 6 وکٹوں اوربدیع الزماں کی 74رنز کی جارحانہ اننگزکی بدولت  سجاس نے اسپورٹس جرنلسٹس فرینڈ شپ کرکٹ سیریز کے دوسرے میچ میں راولپنڈی اسلام آباد جرنلسٹس ایسوسی ایشن کو 55 رنز سے شکست دے دی۔ سجاس، رسجا اور کے پی کے اسپورٹس جرنلسٹس کے درمیان کھیلی جانے والی فرینڈ شپ کرکٹ سیریز کا دوسرا میچ سجاس اور رسجا کے درمیان اسلام آباد کے ڈائمنڈ کرکٹ گرائونڈ پرکھیلا گیا۔ رسجا کے کپتان شاکرعباسی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ سجاس نے بدیع الزاماں، سلیمان خان، انیس الدین، محسن رضا اور طارق حسین کی شاندار بلے بازی کی بدولت 4 وکٹوں پر 179 رنز بنائے۔ بدیع الزاماں نے سیریز میں مسلسل دوسری نصف سنچری کرتے ہوئے 46 گیندوں پر 74 رنز کی اننگز کھیلی۔ سلیمان خان نے 39 رنز بنائے۔ رسجا کے شاکر عباسی نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ہدف کے تعاقب میں رسجا کی پوری ٹیم 124 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ محسن علی 37 رنز اور شاکر عباسی 18 رنز کے علاوہ رسجا کا کوئی بیٹسمین سجاس کے بولرز کا سامنا نہ کرسکا۔ سجاس کی جانب سے شہزاد علی شیزی 22 رنز کے عوض 6 وکٹیں لیکر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔  زاہد غفار، محسن رضا اور مقصود احمد ایک ایک شکار کرنے میں کامیاب رہے۔ میچ کے اختتام پر وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے پی سی بی گورننگ بورڈ کے سابق ممبر شکیل شیخ، پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل زاہد فاروق ملک اور رسجا کے چیئر مین ملک شکیل اعوان کے ہمراہ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے آل پاکستان اسپورٹس جرنلسٹس فرینڈ شپ کرکٹ سیریز کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ سجاس کا  دیگر شہروں کی اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر ملک کے مختلف شہروں میں کرکٹ کھیلنا مثالی اقدام ہے۔ اس طرح ملک کے تمام شہروں سے تعلق رکھنے والے اسپورٹس جرنلسٹس کے درمیان نہ صرف ہم آہنگی پیدا ہوگی بلکہ انہیں ایک دوسرے کے قریب آنے کا بھی موقع ملے گا۔

You may also like

Leave a Comment